گلگت بلتستان کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی راج سے بچائیں گے، بلاول


گانچھے: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  گلگت بلتستان کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی راج سے بچائیں گے۔

گلگت بلتسان کے ضلع گانچھے میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم  ہائبرڈ نظام کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، کٹھ پتلی حکومت سے جمہوریت کو بچائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ میں بھٹو کا نواسہ ہوں، یوٹرن نہیں لیتا، اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں لیکن آپ کی بات نہیں سنتے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے، نااہل سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کو تباہ کیا۔

مزید پڑھیں: ہم کٹھ پتلی نظام سے جمہوریت چھین کر رہیں گے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔ ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا خواب پورا کروں گا۔ ہم نے ملک کو تاریخی بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔ ایسی غربت اور بےروزگاری کبھی نہیں دیکھی۔ آصف علی زرداری کے دور میں تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا۔ آصف زرداری کے دور میں پنشن میں 150 فیصد اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں مفت اسپتالوں کا جال بچھادیا ہے۔ گردے اور جگر کے ٹرانسپلانٹ کے مفت اسپتال بنائے ہیں۔ گلگت بلتستان میں بھی ایسے اسپتال بنائیں گے۔ میں گلگت کے مسائل کو ایوان میں اٹھاؤں گا۔


متعلقہ خبریں