مبینہ پولیس تشدد سے نوجوان کی ہلاکت، ایس ایچ او سمیت چھ اہلکار معطل


گجرات: پنجاب کے ضلع گجرات  کے ککرالی تھانے کی پولیس کے مبینہ تشدد سے نوجوان کی ہلاکت پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ایس ایچ او سمیت چھ اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نوجوان کی ہلاکت پر ڈی پی او گجرات نے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں انکوائری کیمٹی تشکیل دے دی ہے۔

مبینہ پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کو 15 روز قبل پولیس اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا اور نا معلوم مقام پر منتقل کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد کے مطابق ان کے بچے کی حالت غیر ہونے پر پولیس نے اسے ان کے حوالے کر دیا جو گزشتہ روز انتقال کر گیا۔

مزید پڑھین: پولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

ککرالی  تھانے کی پولیس نے والد کی مدعیت میں اے ایس آئی سمیت پانچ پولیس اہلکاروں  پر مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل پنجاب کت ضلع گوجرانوالہ میں نوجوان لڑکی پر سرعام تشدد کرنے والے اے ایس آئی کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

واقعہ تھانہ صدرگوجرانوالہ کے علاقہ نجی ہاوسنگ کالونی میں پیش آیا تھا جہاں پارک میں بیٹھی اکیلی لڑکی کو دیکھ کر اہل علاقہ نے پولیس کو فون کیا تھا۔

عینی شاہدین کےمطابق لوگوں کے فون کرنے پر اے ایس آئی علی اکبر بغیرلیڈی پولیس کے آیا اور اس نے خاتون کو تھپڑوں اور جوتوں سے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

نجی سوسائٹی میں افراد نے منع بھی کیا تھا لیکن اے ایس آئی آپے سے باہر ہوگیا اور لڑکی پر تشدد کرتا رہا اور گاڑی میں بٹھا کرلے گیا۔

میڈیا پر خبرنشر ہونے کے بعد  اے ایس آئی کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں