پنجاب: پولیس مقابلوں میں100فیصد اضافہ

پنجاب: پولیس مقابلوں میں100فیصد اضافہ

فائل فوٹو


لاہورسمیت پنجاب بھر میں رواں سال  کے9ماہ  کے دوران  گزشتہ سال کی نسبت پولیس مقابلوں میں100 فیصد  سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈکیتی، قتل اور اقدام  قتل میں ملوث ملزموں کیخلاف پولیس کے مقابلے گزشتہ سال کی نسبت  رواں سال بڑھ گئے ہیں۔ پولیس ریکارڈ  کے مطابق سال2020 میں دوسو نو پولیس مقابلے کیے گئے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق9 ریجنز میں رواں سال کے نو ماہ میں ایک سو چھ پولیس مقابلے زیادہ رپورٹ ہوئے۔پولیس مقابلوں میں فیصل آباد ریجن پہلے نمبر پر رہا جہاں یکم جنوری سے تیس ستمبر تک58 پولیس مقابلے رپورٹ ہوئے۔ ان مقابلوں میں ایک سواکیس جرائم پیشہ افراد ہلاک اور ایک سوچوبیس زخمی ہوئے۔ دس پولیس اہلکار شہید اور پنتالیس زخمی ہوئے۔

دستاویزات کے مطابق مقابلوں کے دوران صوبے بھر سے دو سو اکیس جرائم پیشہ افراد کو گرفتاربھی کیا گیا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ’’ہم  لوگ  جرائم پر  قابو  پانے  کے  لیے  کوشش  کررہے  ہیں‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی گزشتہ سال کی نسبت رواں سال گاڑی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ہم نیوز کو موصول ریکارڈ کے مطابق لاہور میں رواں برس اب تک 256 گاڑیاں چوری ہونے کے مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ رواں سال موٹر سائیکل چوری کے 5036 واقعات رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ سال 216  گاڑیاں چوری ہوئی تھیں۔

دستیاب رکارڈ کے مطابق  رواں سال اب تک صرف 20 فیصد گاڑیاں  برآمد کی جاسکی ہیں۔ رواں سال کے دوران صرف 11 سو موٹر سائیکلیں برآمد ہوسکی ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال پانچ ہزار ایک سو پچہتر موٹر سائیکلیں چوری ہوگئیں۔ رواں سال کے دوران کار چھیننے کے 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔ سال 2019 میں کار چھیننے کے 8 واقعات ہوئے تھے.

ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے دوران 353 موٹر سائیکلیں چھینی گئی ہیں۔ گزشتہ سال موٹر سائیکل چھیننے کے تین سو واقعات رونما ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں