خواجہ آصف کی اہلیت: اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ آج سنائے گی

میری رائے میں وزیراعظم نواز شریف ہوں گے، ان کے نام پر کاٹا کبھی نہیں لگا، خواجہ آصف

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی نااہلیت کے لیے دائر درخواست پر اپنا فیصلہ آج سنائے گی۔

پاکستان تحریک  انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ محمد آصف کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف نے نامزدگی فارم میں اپنے تمام اثاثے ظاہر نہیں کیے اورغلط بیانی کی۔

پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے درخواست کی تھی کہ خواجہ آصف صادق اور امین نہیں رہے اس لیے نااہل قرار دیا جائے۔

خواجہ آصف کے خلاف تین رکنی لارجر بینچ نے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دس اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عثمان ڈار کی درخواست پر پہلے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی تھی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے معذرت کے بعد نیا بینچ تشکیل دیا گیاتھا۔

جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں نئے بینچ نے روازنہ کی بنیاد پرکیس کی سماعت کی تھی۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پہلے دبئی کے بینک میں ملازمت کرتے تھے۔

وکیل کامؤقف تھا کہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔

عدالت میں خواجہ آصف کی دبئی میں ملازمت کا خط بھی پیش کیا گیا تھا جس میں ان کی ملازمت کی تصدیق کی گئی تھی۔

خواجہ آصف کے خلاف عثمان ڈار نے نیب کو بھی خط لکھا تھا جس میں ان کی غیر ملکی کمپنی میں ملازمت اور اقامہ رکھنے کا ذکر موجود تھا۔

خط میں غیر ملکی کاروبار کی تفصیلات کے علاوہ غیر ملکی اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقلی کاالزام بھی لگایا گیا تھا۔

سات مارچ کو چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے خواجہ آصف کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔

18 مارچ کو نیب نے وزیرخارجہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی شکایت پر تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو بلایا تھا۔

نیب کی جانب سے عثمان ڈار کو نیب انوسٹی گیشن ونگ میں پیش ہو کرخواجہ آصف کے خلاف ثبوت اور شواہد فراہم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

21 مارچ کو عثمان ڈار نے منی لانڈرنگ کیس میں خواجہ آصف کے خلاف دستاویزات جمع کرائی تھیں۔

28 فروری کو عمران خان نے نیب کو خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ خواجہ آصف کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ریکارڈ پر لاچکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں