لاہور: سینکڑوں مقبول گانوں کے خالق اور معروف نغمہ نگار احمد راہی کو مداحوں سے بچھڑے 18 برس بیت گئے۔
خوب صورت احساسات، جذبات اور تنہائی کے عکاس، معروف فلمی گیت نگار اور مصنف احمد راہی نے تقسیم ہند کے بعد داتا کی نگری کو اپنا مسکن بنایا اور کئی دہائیوں پر مشتمل فنی کیرئیر میں انہوں نے متعدد سپرہٹ نغمے تحریر کیے۔
فلم ہیر رانجھا میں احمد راہی کے لکھے گیتوں، ونجھلی والڑیا توں ایہہ گل بھلیں نا اور سن ونجھلی دی مٹھڑی تان وے نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔
احمد راہی نے پنجاب کے ساتھ اردو فلموں کے لیے بھی گانے تحریر کیے۔ فلم ’’پاکیزہ‘‘ میں ملکہ ترنم نورجہاں کی آواز میں گایا گیت ’’تم تو کہتے تھے بہار آئے گی لوٹ آوں گا‘‘ بہت مشہور ہوا۔
انہوں نے ہير رانجھا سمیت کئی مقبول زمانہ فلموں کے لیے شہرہ آفاق گيت لکھے۔
یہ بھی پڑھیں: کلاسیکل موسیقی کے آلات بنانے والوں کی زندگی ویران
احمد راہی کا شعری مجموعہ ’’ترنجن پنجابی‘‘ ادب کا شاہکار سمجھا جاتا ہے۔ احمد راہی کو تمغہ حسن کارکردگی، نگار ايوارڈ اور بولان ايوارڈ سے نوازا گيا۔
دلوں کو چھو جانے والے نغمات کا خالق احمد راہی خود تو 2 ستمبر 2002 کو چل بسا ليکن ان کے لکھے گیتوں کا سحر آج بھی برقرار ہے۔