کراچی: مومن آباد تھانے پر دستی بم حملے کا مقدمہ درج

شہر قائد میں 3 گھنٹے کے دوران فائرنگ کے 9 واقعات

کراچی: شہر قائد میں مومن آباد تھانے پر دستی بم حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او مومن آباد تھانے کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے جس میں ایکسپلوزیو ایکٹ اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کوئی چیز تھانے کی طرف پھینکی اور دھماکے کے بعد سپاہی سے ایس ایم جی لے کر ملزمان پر 3 فائر کیے۔

مقدمے کے متن کے مطابق مشتبہ دونوں ملزمان تھانے کے اطراف کی گلیوں کا جائزہ لے رہے تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی) رپورٹ کے مطابق حملے میں آر جی ڈی ون دستی بم استعمال ہوا۔

واضح رہے کہ رات گئے مومن آباد تھانے پر دستی بم حملے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق نامعلوم ملزمان نے دستی بم پھینکا جو تھانے کے باہر گیٹ کے قریب گرا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے۔ دستی بم حملےمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: شیر شاہ گلبائی، گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 5 اگست کو کراچی کے علاقے کورنگی ناصر کالونی میں دستی بم حملے میں 3 افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ 27 جولائی کو کراچی پولیس نے تھانہ گلبہار میں دستی بم حملے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔


متعلقہ خبریں