سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا، شاہ محمود


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی  پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کےایمان کا حصہ ہے۔ سعودی شہری آبادیوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کثیر تعداد میں پاکستانی سالہا سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی وہاں کی تعمیروترقی میں اپناکردار ادا کرر ہے ہیں۔

سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی سے ملاقات میں دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نےسعودی سفیرسےسعودی فرمانرواکنگ سلمان کی خیریت دریافت کی۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چودھری نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی تھی اور دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر فوادچودھری نے کہا تھا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ خادمین حرمین شریفین کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی میں منصوبوں سے متعلق سعودی سفیر کو آگاہ کیا تھا۔ فواد چودھری نے سعودی کمپنیز کا زراعت کے شعبہ میں تعاون اور سرمایہ کاری پر زور دیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چیف آف آرمی اسٹٓاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی تھی۔

ہم نیوز نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے سفیر کی ہونے والی ملاقات میں باہمی دفاعی تعاون پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں