سندھ میں انٹر کے سالانہ امتحانات شروع، دفعہ144نافذ


کراچی: سندھ میں انٹرمیڈیٹ کےسالانہ امتحانات  کےموقع پر امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ144نافذ کردی گئی ہے۔

امتحانات کیلئے دو شفٹیں بنائی گئی ہیں صبح پری میڈیکل، پری انجینیئرنگ،ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی جبکہ شام میں کامرس کے پرچے لیے جائیں گے۔

کراچی

کراچی میں رواں برس انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ایک لاکھ94ہزارسےزائدامیدوارشرکت کررہے ہیں۔

چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسرانعام احمد کے مطابق صرف انٹربورڈکی ٹیموں کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت دی جائے گی جبکہ میڈیا ٹیمیں  بھی امتحانی مراکز میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔

امتحانی مراکز میں نگران آفیسرز، سینٹر کنٹرول آفیسرز، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، امتحانی عملے، اساتذہ اور طلبا سمیت کسی کو بھی موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیئرمین انٹربورڈ کا کہناہے امتحانات کے پرامن اور بلا تعطل انعقاد کے لیے ہوم ڈپارٹمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، سیکریٹری کالجز، کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس ،کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں۔

امتحانات میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کیلیے کمشنر آفس کراچی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں دو مانیٹرنگ سیل بنائے گئے ہیں۔

سکھر

سکھر بورڈ کے زیرانتظام فرسٹ ایئر اور انٹر کے سالانہ امتحانات بھی آج سے شروع ہوں گے۔

کنٹرولربورڈ گھوٹکی سمیع سومرو کےمطابق84 ہزار 585 امیدوار امتحان دیں گےجن میں سے43 ہزار 453 گیارہویں اور 41 ہزار 132 امیدوار بارہویں جماعت کے امتحان میں بیٹھیں گے۔

امتحانات کے لیے چار اضلاع سکھر, خیرپور,گھوٹکی اور نوشہروفیروز میں 110 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے84 طلبہ اور 26 طالبات کے لیے ہوں گے۔

امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ مشینیں چلانے پر پابندی ہوگی جبکہ نقل کی روک تھام کےلئے 247 نگران ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

لاڑکانہ

لاڑکانہ بورڈ میں گیارہویں جماعت کے امتحانات میں 34992امیدوارحصہ لے رہے ہیں جن میں24615 طلبااور10377 طالبات شامل ہیں جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں 33380 امیدوارشرکت کررہے ہیں جن میں 23700 طلبااور 9680 طالبات شامل ہیں۔

لاڑکانہ ڈویژن کے پانچ اضلاع  اورضلع دادو کے تعلقوں میھڑاور خیرپورناتھن شاھ میں 95 امتحانی مراکز قائم ہیں جن میں نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی جانب سے 15 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔

دوران امتحان موبائل فون برآمد ہونے پرطالب علم کے خلاف نقل کیلیے ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے قانون کے تحت پرچہ کی منسوخی یا تین سال تک امتحان دینے کیلئے نااہل قرار دینے کی سزا دی جائے گی۔

اساتذہ، طلبا اور والدین کسی بھی شکایت کی صورت میں انٹربورڈ آفس مانیٹرنگ سیل نمبر 99260237 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں