پنجاب: شادی ہالز ستمبر کے دوسرے ہفتے میں کھولنے کا فیصلہ


لاہور: پنجاب حکومت نے ستمبر کے دوسرے ہفتے میں صوبے بھر کے شادی ہالز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں شادی ہالز کھول دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: شادی ہالز کھولنے پر غور، ایس اوپیز کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

پنجاب شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں، شادی ہالز 6 ماہ بند رہے، حکومت کو شادی ہالز سے وابستہ افراد کی مشکلات کا احساس ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس سے معاشرے کا ہر طبقہ اور کاروبار متاثر ہوا، شادی  ہالز کو ٹیکسوں میں ریلیف دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  میرپور آزاد کشمیر: شادی ہال زمین بوس، 15 افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا

وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے پنجاب شادی  ہالز ایسوسی ایشن کے وفد کو تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

چند روز قبل کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے بعد حکومت پاکستان نے شادی ہالز اور پارکس کھولنے پر غور شروع کر دیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا تھا کہ حکومت نے ایس او پیز کے متعلق صوبائی حکومتوں کی تجاویز جمع کرلی ہیں جن کا جائزہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے اجلاس میں لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ این سی او سی کے اجلاس میں سیاحت، شادی ہال اور پارکس وغیر کھولنے پرغور کیا جائے گا۔عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے باعث جن کاروبار کو بند کیا گیا ہے ان میں شادی ہال بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شادی ہال مالکان نے ایس او پی کے تحت ہال کھلوانے کا فارمولا پیش کر دیا

شادی ہال مالکان کی جانب سے تسلسل کے ساتھ یہ مؤقف اپنایا جاتا رہا ہے کہ وہ ایس او پیز کے ساتھ اپنا کاروبار کھولنا چاہتے ہیں جس کے لیے حکومت اورانتظامیہ ان سے بات چیت کرے تاہم اس ضمن میں تاحال کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

شادی ہال مالکان نے اس سلسلے میں حکومت کو فارمولا بھی پیش کیا تھا جس میں عملی مظاہرہ کر کے دکھایا گیا کہ کس طرح ایس او پیز کے تحت کاروبار چلایا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں