دیوسائی کی خوبصورت جھیل شیوسر کی رونقیں بحال

دیوسائی کی خوبصورت جھیل شیوسر کی رونقیں بحال

فوٹو: ہم نیوز


دیوسائی: حکومگت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد دیوسائی کی خوبصورت جھیل شیوسر کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں۔

ان دنوں سیاح  دیوانہ  وار شیوسر کا رخ کر رہے ہیں اور خوبصورت مناظر سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

نیلگوں پانی اور زندگی کا احساس دلاتے اجلے مناظر خوبصورت جھیل شیوسر کی پہچان ہیں، سیاح یہاں پہنچ کر کیمپ لگاکر خوب انجوائے کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برف کی پراسرار اور خاموش پریوں کا مسکن، دیوسائی

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیوسر دیکھنے آئے سیاحوں کا کہنا تھا کہ اس جھیل کی خوبصورتی آنکھوں کو خیرہ کرتی اور دل موہ لیتی ہے۔

سیاحوں نے کہا کہ قدم جکڑ دینے والے مناظر یہاں ہر سو  بکھرے پڑے ہیں۔ یہاں آنے والوں کا ماننا ہے کہ دیوسائی کی خوبصورتی کا کوئی موازنہ نہیں۔

سیاح  جہاں جھیل کنارے بیٹھ کا روح تک سرشار کرتی پانی کی لہروں کو محسوس کرتے ہیں وہیں ان ناقابل فراموش لمحات کو کیمرے کی آنکھ سے قید  کرنا نہیں بھولتے۔

خیال رہے کہ جہاں پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع پوگئے ہیں وہیں پر دنیا کے دوسرے بلند ترین تفریحی مقام دیوسائی کی رونقیں بھی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

ان دِنوں دیوسائی کی خوبصورتی اپنے جوبن پر ہے اور سیاح بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کر رہے ہیں، حکومت کی جانب سے  گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے علمی اقدامات کا بھی آغاز کیا  جا رہا ہے۔

دنیا کے دوسرے بلند ترین سطع مرتفع دیوسائی میں ان دنوں ہر طرف رنگوں کی بہار ہے، یہاں بہتے جھرنے، شفاف پانی اور دلفریب مناظر سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

وفاقی حکومت کی ٹیم بھی دیوسائی پہنچ گئی ہے اور سیاحت کے فروغ کیلئے بلین ٹری  منصوبے کو آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا: سیاحتی، تاریخی اور ثقافتی شعبے کھولنے کا اعلان

محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ  حکام بھی دیوسائی کے قدرتی حسن کو بحال اور برقرار رکھنے کے لیے پر عزم نظر آتے ہیں۔کہتے ہیں  کہ دیوسائی کی خوبصورتی کی اگر درست انداز میں تشہر کی جائے تو یہ مقام پوری دینا کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے کہا تھا کہ سیاحت کو ایس او پیز کے ساتھ کھول دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے لیے آنے والے سیاحوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔


متعلقہ خبریں