حکومت کا تمام ایئرپورٹس پر عالمی اور علاقائی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ

airports

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے تمام ایئرپورٹس پرعالمی اور علاقائی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔فیصلے کا اطلاق 9اگست کی رات12بجے سے ہوگا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹم جاری کردیا ہے۔ تمام ایئر لائنز کوسمر شیڈول کے مطابق آپریشن جاری رکھنے کی ہدایات کر دی گئی ہے۔

نوٹم کے مطابق تمام ایئرلائنز کیلئے کوروناایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہوگا۔ چارٹرڈ پروازیں بھی ایس او پیز کے مطابق آپریٹ ہوں گی۔

کورونا وائرس کے خطرے کے سبب برطانوی ایئرلائن کے عملے اور مسافروں کو دوران پرواز چہرے پر ماسک لگانا ہوگا اور فلائٹ میں ہینڈ سینیٹائزر کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ ایئرپورٹ پر بھی عملے اور مسافروں کے تحفظ کے سلسلے میں خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔

برطانوی ایئرلائن نے پاکستان کے لیے اپنی پروزایں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔14 اگست سے ہفتہ وار تین پروازیں لندن سے براہ راست اسلام آباد پہنچیں گی۔

امارات کی سرکاری ائیرلائن ایمریٹس نے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پرکراچی ، لاہور اور اسلام آباد کیلئے پروازنے چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان سے یو اے ای جانے والے تمام مسافروں کو کورونا کا ٹیسٹ کرانا ہو گا۔

مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانی ہوگی بصورت دیگر انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جہاز کا عملہ تمام مسافروں کو ماسک، دستانے، اینٹی بیکٹریل وائپس اور سینی ٹائزر پر مشتمل حفظان صحت کی کٹس فراہم کرے گا۔

ان پروازوں میں صرف ان لوگوں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کئے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں۔


متعلقہ خبریں