سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی مظالم سے 214 کشمیری شہید جبکہ ایک ہزار 390 زخمی ہوئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال 5 اگست سے اب تک غیر قانونی محاصروں کے دوران 214 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ جن میں 4 خواتین اور 10 کمسن بچے بھی شامل ہیں۔
بھارت نے گزشتہ ایک سال کے دوران بزرگ، خواتین اور کشمیری لڑکیوں سمیت 13 ہزار 680 کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا۔ اس دوران 84 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 946 مکانات کو نقصان پہنچا۔
قابض فوجیوں نے ظلم کی تاریخ رقم کرتے ہوئے پیلٹ گنوں سے 10 ہزار 240 کشمیریوں کونشانہ بنایا، جس سے درجنوں کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے جبکہ 385 افراد کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں 12 مہینوں کا بدترین محاصرہ کشمیریوں کے آزادی کے جذبات کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 5اگست:کشمیریوں پر ظلم کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز سال 1990 سے اب تک 95 ہزار 647 کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں۔
5 اگست کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا ہے اور اپنے کالے قانون کو لانے سے پہلے خوفزدہ بھارت نے ہزاروں حریت رہنماوں سمیت سیاسی اور سماجی شخصیات کو گرفتار کر لیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق تاحال نظر بند ہیں۔