براسیلیا: برازیل کے صدر جیئربولسوناروکئی کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے تو ان کی بیگم میں وائرس کی تشخیص ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی خاتون اول میشل بولسونارو، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں چلی گئیں ہیں۔
اڑتیس سالہ میشل بولسونارو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے، مگر وہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کریں گی۔
برازیل کے صدر جیئربولسونارو کئی بار کورونا وائرس کو مذاق سمجھتے رہے، خود کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد بھی قرنطینہ سے نکل کر باہر گھومتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ برازیل میں 26 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور 91 ہزار 377 اموات ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا میں 6 لاکھ 76 ہزار 759 اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ 74 لاکھ 76 ہزار ایک سو 5 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک کروڑ 9 لاکھ 39 ہزار 473 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 لاکھ 34 ہزار 985 ہو گئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 285 تک پہنچ چکی ہے۔
بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 16 لاکھ 39 ہزار سے زائد ہے اور 35 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
روس میں کورونا سے 8 لاکھ 34 ہزار 499 افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 802 ہو گئی ہے۔
جنوبی افریقہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 812 ہو گئی ہے جبکہ 4 لاکھ 82 ہزار 169 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔