لاہور میں فلور ملز کے بعد چکی مالکان نے بھی آٹا مہنگا کر دیا


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فلور ملز کے بعد چکی مالکان نے بھی آٹا مہنگا کر دیا۔

ذرائع کے مطابق آٹے کی چکیوں پر فی کلو آٹا پانچ روپے اضافے کے بعد ستر روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

چکی مالکان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں فی من تین سو بیس روپے اضافہ ہوا جس پر فی من آٹا دو سو روپے قیمت بڑھائی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے آٹے کا بیس کلو کے تھیلے کی قیمت آٹھ سو ساٹھ جبکہ چکی آٹے کی فی کلو قیمت پینسٹھ روے مقرر تو کی گئی ہے تاہم شہریوں کو ان داموں پر آٹا کہیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔

دوسری جانب پاکپتن میں اسپیشل برانچ کی نشاندہی پر محکمہ فوڈ نے گندم کے گودام پر چھاپہ مار کر ذخیرہ کی گئی پانچ سو ساٹھ من گندم برآمد کر لی ہے جبکہ گودام کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکپتن کے نواحی علاقے قبولہ میں محکمہ فوڈ نے گندم کے گودام پر چھاپہ مارا تو گودام مالکان موقع سے بھاگ نکلے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق گندم کا ذخیرہ قبضہ میں لے کر گودام کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ  محکمہ فوڈ کی جانب سے گودام مالکان کیخلاف ذخیرہ اندوزی ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے تحریری طور پر لکھ دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں