عمران خان کی چوہدری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت

ملک میں پیسہ کم ہے تھوڑا صبر کریں، وزیراعظم

لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

بدھ کو لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار صرف ان کے دوست ہی نہیں بلکہ انہوں نے مریم نواز کے سامنے جھکنے سے انکار کیا اس پر خوش ہوں۔

دورہ لاہور کے موقع پر مقامی ہوٹل میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے وزیراعظم کے خلاف کارروائی کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پرانے دوست ہیں۔ اُنہیں تحریک انصاف میں شمولیت اور ساتھ مل کر چلنے کا کہوں گا۔ مریم نواز کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ صرف نواز شریف کی بیٹی ہے۔

کپتان نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نام پر مذاق کیا جارہا ہے۔ ووٹ کو عزت دو کے نعرے میں مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کو بھی ساتھ بٹھالیا گیا ہے۔ قوم خوش ہے کہ ایک طاقتور گاڈ فادر کا عدلیہ نے احتساب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ ایک مافیا کو پکڑا گیا ہے جس نے ہر ادارے میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں۔ قانون کے سامنے سب کو برابر ہونا چاہیے، ہم اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ 29 اپریل کو تحریک انصاف کا جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا۔

عمران خان نے انکشاف کیا کہ اُنہیں سینیٹر بنانے کے لیے 45 کروڑ روپے کی آفر ہوئی تھی۔ 30 سال سے سینیٹ انتخابات میں یہی ہورہا ہے۔


متعلقہ خبریں