وزیراعظم استعفیٰ دیں یا معافی مانگیں، بلاول بھٹو



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی معیشت تباہ کرنے اور غلط فیصلوں پر وہ قوم سے معافی مانگیں یا عہدے سے استعفیٰ دیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئےعمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے پر بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسامہ بن لادن نے پاکستان کے ہزاروں فوجیوں، مردوں، عورتوں اور بچوں کو شہید کیا۔ عمران خان محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید نہیں کہتے جبکہ اسامہ بن لادن جیسے دہشتگرد کو شہید کہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان گزشتہ حکومتوں پر پٹرول پر لیوی لگانے پر تنقید کرتے تھے لیکن اب بجٹ پاس ہونے سے قبل ہی انہوں نے پٹرول کی قیمتوں پر لیوی عائد کرکے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

یہ پٹرول بم عوام پر اس وقت گرایا گیا ہے جب پاکستان عالمی کساد بازاری ، کورونا اور ٹڈی دَل کے حملوں کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول میں یہ اضافہ غیرقانونی اور ظالمانہ ہے۔ غیرقانونی اس لئے ہے کہ قیمتیں بڑھانے سے قبل نہ تو اوگرا سے مشورہ کیا گیا اور نہ ہی اوگرا نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے بجائے اس کے وہ عوام کو ریلیف دیتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی چیز کا نوٹس لینا چھوڑ دیں کیونکہ وہ جب بھی کسی چیز پر نوٹس لیتے ہیں تو اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

عمران خان دواﺅں کا نوٹس لیا ان کی قیمتیں بڑھ گئیں، ماسک کا نوٹس لیا تو اس کی قیمتیں بڑھ گئیں انہوں نے آٹے کا نوٹس لیا تو آٹا مہنگا ہوگیا۔ چینی کی قیمت پر نوٹس لیا تو چینی مہنگی ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کراچی جہاز کے حادثے کا الزام پائلٹ اور ائیرٹریفک کنٹرولر پر لگا رہی ہے تاکہ اپنی ناکامیاں چھپا سکے۔

یہ حکومت سمجھتی ہے کہ ہر ملازمت سیاسی ہوتی ہے جبکہ یہ حکومت اپنے ہی ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن میں اضافہ کرنے سے انکاری ہے۔ اب پاکستان کی ساری دنیا میں تذلیل ہو رہی ہے۔

سندھ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے اور کراچی اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت کو کوئی احساس نہیں۔ یہ حکومت پریشان حال عوام کو صحت اور بجلی کی سہولیات فراہم نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چور چور کی رٹ لگائے ہوئے ہے لیکن کسی بھی عدالت نے ہمارے خلاف کوئی کیس ثابت نہیں ہوا اور پیپلزپارٹی کے تمام لوگ بے گناہ قرار پائے ہیں۔

عمران خان تمہارے کہنے پر استعفیٰ دے دیں؟

بلاول بھٹو کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہارے کہنے پر استعفیٰ دے دیں؟  تم ملک لوٹو عمران خان نوٹس لینا بند کردے؟،عمران خان آیا ہی نوٹس لینے کیلئے ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ شور مچالو، سڑکوں پر آجاؤ، ہم نظریے کا سودا نہیں کریں گے، ہم عمران خان اور ان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے۔

 


متعلقہ خبریں