ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی تفصیلات جاری 

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف کیے گئے آپریشن کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ 

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت ملک کے 45 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بلوچسستان کے 29، خیبر پختونخواہ کے 9، پنجاب کے 3 اور سندھ کے 4 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے51 اضلاع میں ٹڈی دل کے حملے، کنٹرول آپریشن جاری

بلوچسستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا (کے پی) میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع ٹڈی دل کے حملوں کی زد میں آ کر متاثر ہوئے ہیں۔

صوبہ سندھ میں خیر پور، سانگھڑ، سکھر، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری اور جامشورو میں ٹڈی دل کے حملے سے متاثر ہوئے ہیں۔

پنجاب میں اٹک، خانیوال اور ڈیرہ غازی خان میں ٹڈی ڈل کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ 1259 مشرکہ ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 39 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 630 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچسستان میں 3 ہزار 100 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا جب کہ خیبر پختونخواہ میں 1300 ہیکٹر رقبہ کا ٹریٹمنٹ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کیلئے فوج تمام وسائل فراہم کرے گی، آرمی چیف

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 30 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے ہوا، سندھ میں گذشتہ روز 1200 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا جب کہ بلوچستان کے علاقہ قلعہ عبداللہ میں 300 ہیکٹر رقبہ پر ہوائی جہاز کے ذریعے کیمیائی اسپرے کیا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 96 ہزار ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں