گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کل سے سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال کا اعلان


کراچی: گرینڈ ہیلتھ الائنس نے کل سے سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ  کل سے پیر تک سندھ کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز مکمل بند رہیں گی، صرف ایمرجنسی کا شعبہ کھلا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ علامتی احتجاج کے دوران حکومت سندھ نے مطالبات منظور نہیں کیے۔

خیال رہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے سندھ حکومت سے ہیلتھ ورکرز کو ہیلتھ رسک الاؤنس اور حفاظتی کٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

کورونا سامان کی عدم فراہمی: گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کا بھوک ہڑتال کا اعلان

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ترجمان ڈاکٹر محبوب علی نوناری کا کہنا تھا کہ ہم نے متعدد بار احتجاج کیا اور سندھ حکومت کے سامنے مطالبات رکھے ہیں، اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں ہیں، سندھ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے۔

انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں سلامی اور سلیوٹ کی ضرورت نہیں ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی سے عوام کے ساتھ ڈاکٹرز بھی متاثر ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے علیحدہ آئسولیشن سینٹر قائم کیا جائے اور نرسز کو ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائے۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل صوبائی حکومت کی جانب سے مبینہ طور پر حفاظتی کورونا کٹس اور سامان کی عدم فراہمی کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس نے بھی پنجاب سیکریٹریٹ کے سامنے بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف کو حفاظتی سامان نہیں دے رہی ہے۔


متعلقہ خبریں