کراچی: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کیسزمیں مسلسل اضافے کے پیش نظر کراچی میٹرک بورڈ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین کا کہنا ہے کہ پبلک ڈیلنگ کیلئے کراچی میٹرک بورڈ بندرہے گا۔ صورتحال بہترہوتے ہی بورڈ کے دفاترکھول دیے جائیں گے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران1184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 32ہزار807 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا تھا کہ ان کے صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد41ہزار303ہوگئی ہے اور گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھرکے تمام امتحانی بورڈز کو یکم جون کے بعد ایس او پیز کے تحت دفاتر کھولنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھاکہ 12 مئی کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں صوبے بھر کے تمام نجی اورسرکاری تعلیمی ادارے یکم جون کے بعد بھی بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کب کھولے جائیں گے یہ فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پہلی سےآٹھویں جماعت تک کے طالب علموں کواگلی جماعت میں پروموٹ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا، ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان
اس سے قبل کورونا وائرس کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر بندش کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں 2 روز دفاترکھولنے کی اجازت دے دی تھی۔
صوبائی وزیرتعلیم مراد راس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ نجی اسکولوں کو ایس او پیز کے مطابق ہفتے میں صرف دو دن دفاتر کھولنے کی اجازت ہوگی۔
صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جون میں ہر ہفتے پیراور منگل کوایس اوپیزکے تحت انتظامی امور چلانے کے لیے دفاترکھولنےکی اجازت ہوگی