پاکستان میں کورونا سے ایک ہی دن میں ریکارڈ 105 اموات


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں ریکارڈ 105 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 172 ہو گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ آٹھ ہزار 317 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 35 ہزار اٹھارہ مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 40 ہزار 819 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 39 ہزار 555، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار چھ، بلوچستان میں 6 ہزار 788، اسلام آباد میں 5 ہزار 785، آزادکشمیر میں 412 اور گلگت بلتستان میں 952 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 773 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 679، خیبر پختونخوا میں 587، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 58 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 620 ٹیسٹ کیے گئے گئے جب کہ مجموعی طور پر 7 لاکھ تیس ہزار 453 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کورونا کے ایک ہزار89 نئے کیسز رپورٹ، مزید 29  افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں