کسی بھی سیاسی، فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی یا فوجی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابقآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور عید لائن آف کنٹرول پر پونا سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ گزاری۔

اس موقع پر آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے پیشہ وارانہ اورآپریشنل تیاریوں کوسراہا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلوں کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دینے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں کے ذریعے کورونا وبا سے قوم کو نجات دلائے۔ پاک فوج کا کلچر، ایمان، اتحاد اور تنظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو پاک فوج نے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا تھا جبکہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے پاک فوج کے جوان سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج عید کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے۔ دفاع پاکستان کا پیشہ وارانہ معیار اور جوانوں کا عزم وحوصلہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہواروں پر گھروں سے دور فرائض کی ادائیگی سپاہی کا اعزاز ہے جبکہ ہم بھرپورغیرمتزلزل ارادوں کے ساتھ دفاع وطن کیلئے اپنے عہد کو نبھاتے رہیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام غیرانسانی،غیر قانونی لاک ڈاوَن میں مظالم برداشت کر رہے ہیں اور لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں کونشانہ بنانا مقبوضہ کشمیر میں تشدد سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی متنازع حیثیت کوتبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کوناکام بنائیں گے اور کسی بھی سیاسی یا فوجی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کا بھرپورفوجی طاقت سے جواب دیں گے اور جنوبی ایشیا کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی عوام کشمیریوں کو اپنی خوشیوں میں یاد رکھیں، مشعال ملک

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی خطرے کا پوری طاقت سے جواب دینے کیلئے تیار ہے اور امید ہے عالمی برادری فوجی مبصرگروپ کی مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ نقل وحرکت کو یقینی بنائے گی جبکہ پاکستان نے آزادکشمیر میں عالمی ادارے کے فوجی مبصر گروپ کو مکمل آزادی دے رکھی ہے۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ فوجی مبصر گروپ کو مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی پابندیوں کو یو این سیکیورٹی کونسل میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکبھی نہیں دبا سکے گی۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں