پشاورمیں دیسی ساختہ بارود کا دھماکہ، پولیس اہلکار سمیت 3افراد زخمی

فائل فوٹو


پشاور: خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں ساختہ بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے جس سے 2ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ پشاور کے اشرف روڈ پر سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ہوا ہے اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔

زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو سیل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور: پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ، 10 زخمی

بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکا ہے اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی حکام  نے ثبوت و شواہد جمع کرنے شروع کر دیے ہیں اور علاقے میں پولیس کا گشت بھی جاری ہے۔

شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور مشکوک افراد کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔

چند ماہ قبل بھی پشاور میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دیسی ساختہ بارودی مواد دھماکہ ہوا تھا جس میں دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں