شاہی خاندان سے الگ ہونے والی میگھن مارکل نے علیحدگی کا ذمہ دار شاہی خاندان کے رویئے کو قرار دے دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل نے اپنی دوست کو بتایا کہ انہیں کیٹ مڈلٹن کے مقابلے میں تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہی خاندان میں کیٹ کو زیادہ اہمیت حاصل تھی۔ شہزادہ ہیری کی اہلیہ کے مطابق میڈیا نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا لیکن شاہی خاندان خاموش رہا۔ میگھن نے کہا اگر کیٹ مڈلٹن کے ساتھ ایسا ہوتا تو میڈیا قوانین ہی بدل دیئے جاتے۔
خیال رہے کہ برطانوی شاہی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے چار ماہ قبل شاہی زندگی کو خیرباد کہہ کر شمالی امریکہ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ جوڑے نے فیصلہ کیا کہ وہ خاندان سے الگ رہنا چاہتے ہیں تاکہ مالی طور پر خود مختار ہو سکیں۔
ماضی میں ہونے والے چند واقعات اس بات کے شاہد ہیں کہ شہزادہ ہیری اور ان اہلیہ شاہی خاندان میں خوش نہیں تھے۔ اکتوبر2019 میں ڈیلی میل اخبار نے میگھن کا ایک خط شائع کردیا تھا جو انہوں نے اپنے والد کو لکھا۔ میگھن مارکل نے اس حرکت پر ڈیلی میل کخلاف قانونی کارروائی کی تھی۔
شہزادہ ہیری نے اس رویے کا موازنہ اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کے ساتھ روا رکھے گئے رویے سے کرتے ہوئے کہا تھا کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے، جس بات پر انہیں انتہائی افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت آتا ہے جب آپ ایسے رویے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ اسے عام الفاظ میں ہراساں کرنا کہتے ہیں، جو لوگوں کی خاموشی سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا نام ہے۔ اس قسم کا رویہ ہر سطح پر ناقابل قبول ہے۔ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔