پاکستان میں کورونا سے 168 افراد جاں بحق، 8,348 متاثر


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 168 افراد جاں بحق اور 8,348 متاثر ہوئے ہیں جب کہ 47 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ روز کورونا وائرس سے ملک میں مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3822 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائر س کے 2,537 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا 1137، بلوچستان 376 اورگلگت بلتستان میں 257 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد 171 اور آزاد کشمیر میں 48 مریض ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 60 اموات ہوچکی ہیں۔ سندھ 48، پنجاب 41، بلوچستان 5 اور گلگت بلتستان میں 3 اموات ہوئی ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 2 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک 1868 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مقامی سطح پرکورونا وائرس کے 55 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ بیرون ممالک سے آنے والے کیسز کی تعداد 45 فیصد ہے۔

ملک کے 588 اسپتالوں میں 1496 افراد زیرعلاج ہیں۔ ملک میں 16 ہزار 387 افراد کوگھروں میں قرنطینہ کی سہولت دی گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے1446مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں 216 علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر سیل کر دیا گیا ہے جب کہ لاہور کے 12 علاقے بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آلات بنانے والے یونٹس، شیشہ بنانے والی صنعتیں، سیمنٹ اور کیمیکل پلانٹس، مائنز اور منرل یونٹس،  سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پروگرامز، کتابوں اور اسٹیشنری کی دکانیں کھلیں گی ، تمام صنعتوں اور کاروبار کیلئے حفاظتی تدابیر اپنانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں