اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کے مطابق حج ہوگا یا نہیں اس کا فیصلہ رمضان کے آخر میں کیا جائے گا۔
نورالحق قادری نے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاویدخان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مذہبی امور کے وزیر نے بتایا کہ کسی مقدمہ سے متعلق نہیں بلکہ کچھ وزارتی امور پر اٹارنی جنرل سے مشاورت کرنے آیا تھا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا اس سال حج ہوسکے گا؟سننے میں آیا ہے کہ صرف سعودی عرب میں مقیم لوگ حج کر سکیں گے؟
وفاقی وزیر نے جواب دیا ہماری کوشش اور خواہش یہی ہے کہ حج ہو جائے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر کئی آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ حج ہو گا یا نہیں حتمی فیصلہ ماہ رمضان کے آخر میں کریں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے وزیربرائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح کہہ چکے ہیں کہ کورونا وائرس کے سبب غیر یقینی کی صورتحال ہے لہذا عازمین حج فی الحال حج کی منصوبہ بندی سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کرام اور عمرہ زائرین کی ہر حال میں خدمت کے لیے سعودی عرب پوری طرح تیار ہے، لیکن ابھی حالیہ دنوں میں ہم ایک عالمی وباء کا سامنا کر رہے ہیں