خیبر پختونخوا حکومت نے عام تعطیلات میں 18 اپریل تک توسیع کر دی

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا کے بند ادارے اور محکمے کھل گئے

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں عام تعطیلات میں 18 اپریل تک توسیع کردی۔

اس ضمن میں محکمہ ریلیف خیبر پختون خوا نے تعطیلات کا اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبہ بھر کے ہوٹلز، ریسٹورنٹس 14 اپریل تک بند رہیں گے جبکہ ہوم ڈلیوری کی سہولت موجود رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق صوبے بھر کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے 14 اپریل تک بند رہیں گےجبکہ بین الصوبائی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ بھی بند ہو گی۔

اس کے علاوہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں کھانے پینے کی اشیا اور ان کی ترسیل کی اجازت ہو گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے اسکول 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

صوبائی محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 31 مئی 2020 تک دی جانے والی تعطیلات موسم گرما کی چھٹیاں تصور ہوں گی اور اسکولوں میں امتحانات سمیت تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تیسری بار تعطیلات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب ابتدا میں 31 مارچ تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور بعد میں 5 اپریل تک توسیع کر دی گئی تھی۔

پاکستان میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ سندھ میں 30 مئی جب کہ بلوچستان میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والی نجی تعلیمی اداروں کے لائسنس منسوخ کیے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں