نیویارک: اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے متنازعہ علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل کر دی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اپیل مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی خلاف ورزیوں کے متعلق بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مستقل طور پر مقبوضہ کشمیر میں ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور بھارت ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر کے پاکستان کو جانی و مالی نقصان پہنچا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے آج صبح ایل او سی کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کا جاسوس ڈرون بھی گرا دیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی جاسوس ڈرون نے سنکھ سیکٹر میں ایل او سی کی خلاف ورزی کی اور 600 میٹر تک پاکستان کی سرزمین کے اندر آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون نے600 میٹر تک پاکستان کی حدود میں فضائی جائزہ لیا۔ بھارتی فوج کا یہ اقدام اشتعال انگیز کارروائی ہے۔
بھارتی اقدامات دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی فوج مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان کی جاسوس کی۔ اس سے قبل2019 میں بھی پاک فوج نے ایک بھارتی جاسوس ڈرون گرایا تھا۔