کامن ویلتھ گیمز 2018 کیلئے پاکستان کا 56 رکنی دستہ آسٹریلیا پہنچ گیا


اسلام آباد: کامن ویلتھ 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والا 56 رکنی دستہ آسٹریلیا پہنچ گیا۔

چار اپریل2018 سے شروع ہونے والے ان مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی ہاکی، ٹیبل ٹینس، تیراکی، اسکواش اور نشانہ بازی سمیت آٹھ کھیلوں میں حصہ لیں گے۔

15 اپریل تک جاری رہنے والے مقابلوں میں 71 کامن ویلتھ یا دولت مشترکہ ممالک کے6600 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، پاکستانی وفد میں دس خواتین بھی شامل ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لئے جانے والے وفد میں شامل بسمہ خان کا تعلق لاہور سے۔ پلوشہ بشیر، ماہ نورشہزاد، مناہل سہیل اور مہوش فرحان کا تعلق کراچی سے ہے۔ یہ خواتین کھلاڑی دوڑ، بیڈ منٹن اور نشانہ بازی کے مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔

فضا خان اور مدینہ ظفر اسکواش کورٹ میں اتریں گی۔ فاطمہ خان اور حریم انوارعلی ٹیبل ٹینس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

دولت مشترکہ ممالک کے کھیل پہلی بار 1930 میں کینیڈا کے شہر ہیملٹن میں منعقد ہوئے تھے۔ پاکستان نے پہلی بار 1954 میں ان مقابلوں میں شرکت کی تھی۔

2014 میں گلاسگو میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان نے 3 سلور اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ مجموعی طور پر پاکستانی دستہ 23ویں پوزیشن حاصل کر سکا تھا۔


متعلقہ خبریں