نازیہ حسن کی 53ویں سالگرہ پر گوگل کا خراج عقیدت


اسلام آباد: 35 برس کی عمر میں انتقال کرجانے والی پاکستانی پاپ سنگر نازیہ حسن کی 53 ویں سالگرہ پر گوگل نے انہیں منفرد خراج تحسین پیش کیا ہے۔

گوگل کے ابتدائی صفحے پر ایک خاکہ آویزاں کر کے تین اپریل کا گوگل ڈوڈل نازیہ حسن سے منسوب کیا گیا ہے۔

نازیہ حسن سے منسوب خاکے کے پس منظر میں رنگ برنگی روشینیاں اور ڈسکو بالز لگائی گئی ہیں۔

گوگل کی جانب سے نازیہ کے متعلق دی گئی معلومات میں ان کی زندگی کے اہم موقعوں کا بھرپور احاطہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی پاپ کوئین کہلانے والی نازیہ 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم امریکن انٹرنیشنل یونیورسٹی اور لندن یونیورسٹی سے حاصل کی۔

محض دس برس کی عمر میں ہی پاپ گلوکاری کا آغاز کرنے والی نازیہ حسن نے گائیکی کے شعبے میں خوب نام کمایا، ان کے بہت سے گانے موسیقی پسند کرنے والوں میں مشہور ہوئے۔

پاکستانی پاپ سنگر کی شادی مارچ 1995 کو کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے ہوئی لیکن یہ تعلق کامیاب نہ ہو سکا۔ نازیہ کی موت سے دس روز پہلے دونوں میں طلاق ہوگئی۔

13 اگست 2000 کو 35 سالہ نازیہ حسن اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ ان کی موت کی وجہ پھیپھڑوں کا کینسر بنا۔


متعلقہ خبریں