کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کےفاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ مکمل فٹ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بال ٹیمپرنگ کرنا نہیں آتی نا ہی سیکھی ہے۔ خشک موسم میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ گیند خود ہی خراب ہوجاتی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو سال بعد کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ ہورہا ہے۔ خوشی ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔
کرکٹ کے دوران دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹرائیک یعنی مرکزی بولر کے طور پر کھیلتا ہوں اس لئے پریشر تو ہوتا ہے۔
حسن علی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے ایسے میں اگر تماشائی مناسب تعداد میں آئے تو دنیا کو اچھا پیغام ملے گا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اپنے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بولنگ کوچ کے ساتھ مل کر پلان بناؤں گا۔
حسن علی سے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ جھگڑے کا سوال بھی پوچھا گیا۔ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کپتان اور بڑے بھائی ہیں۔ آکلینڈ ٹی 20 کے دوران جونا خوشگوار واقعہ پیش آیا تھا اس پر معذرت کر لی تھی۔ کھیل میں مزاج کا اتارچڑھاؤ جاری رہتا ہے لیکن جان بوجھ کر کپتان سے الجھنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سارے کھلاڑی ایک خاندان کی مانند ہیں۔