کراچی: ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز نے ٹیم کا اعلان کردیا


کراچی: ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین روزہ  ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کے مقابلے یکم اپریل سے شروع ہوں گے۔ سیریز کے تینوں میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز کے لئے پہلے ہی قومی ٹیم کا اعلان کر چکا ہے۔ پی ایس ایل فائنل کے اگلے روز 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا تھا جس میں تین نوجوان کھلاڑیوں کو پہلی بار موقع دیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے جیسن محمد کو کپتان مقرر کیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں آندرے فلیچر، سیموئل بدری، دینیش رام دین، مارلن سیموئلز، ریاد ایمرٹ، کیمو پال، آندرے میک کارتھی، رومین پاویل، ویرا سیمی پرمال، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز شامل ہیں۔

کرس گیل، براوو، جیسن ہولڈر ویسٹ انڈیز کی اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں جب کہ پی ایس ایل تھری کھیلنے والے سنیل نارائن اور کیرن پولارڈ بھی پاکستان نہیں آ رہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی میچز یکم، دو اور تین اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ تینوں مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوں گے۔


متعلقہ خبریں