خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

فائل فوٹو


کوئٹہ/پشاور: بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے جس میں مجموعی طور پر25 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ایمر جنسی آپریشن سینٹر راشدرزاق کےمطابق بلوچستان کے20 اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 12لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے ہم نیوز کو بتایا کہ پولیو مہم کے دوران 4758ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع ہوچکی ہےجس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 13لاکھ24ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پولیو ایمرجنسی سنٹر کے حکام نے بتایا کہ فی الحال چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی اور مہمند میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے 7ہزار 455 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

صوابی میں 963ٹیمیں بنائی گئی ہیں اور 2لاکھ 80ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیوٹیموں کی سیکورٹی کےلئے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے ہم نیوز کو بتایا کہ اس بار سختی سے ہر گھر میں بچوں کو پولیوں کے قطرے پلائے جائیں گے۔  نوشہرہ کے کل 48 یونین کونسلوں میں پولیو مہم بھرپور انداز سے چلائی جائے گی۔

نوشہرہ میں تین لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ تین افغان کیمپ اور ایک آئی ڈی پیز کیمپ رسالپور میں بھی بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں