کوئٹہ : بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وفاق سے مذید کیٹس اور دیگر طبی الات کی فوری مدد طلب کرلی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوے کہا ہے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید کیٹس اور دیگر طبی سہولیات کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مدد کرے۔
ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو غیرقانونی طور پر پاک ایران سرحد نار کرنے نہیں دینگے، اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جاے گی۔
انہوں نے کہا کہ تیس فروری سے اب تک 5400 افراد پاک ایران بارڈر کراس کر کے تفتان کے راستے پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں، ان تمام افراد کو تفتان کے مقام پر قائم قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آ گیا
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تفتان میں دو قرنطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 29 اسپیشلسٹ ڈاکٹرز تعینات کردیے گئے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے تدراک کے لیے افواج پاکستان کی جانب سے بھی بھرپور تعاون جاری ہے۔ پاک فوج کا ڈاکٹرز پر مشتمل ایک اور دستہ تفتان بارڈر روانہ کردیا جائیگا۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک پیج پر ہے، جبکہ ہماری اپوزیشن پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہے۔ اپوزیشن سیاست چمکانا چھوڑدے اور اس نازک موڈ پر حکومت کا ساتھ دے۔
ترجمان کے مطابق چمن میں پاک افغان بارڈر پر بھی کورنٹائن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہو ئے کوئٹہ میں بھی دو آئسولیشن وارڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے بلو چستان کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ –
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا 3000 تھری لیئرز ماسک ابھی تک زائرین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ مذید تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق 14مارچ کو تفتان میں 14 روزہ دورانیہ پورا کرنے والے زائرین کو کلیرنس سرٹیفیکیٹ دے کر انہیں اپنے گھروں کو روانہ کر دیا جائیگا۔
واضع رہے کہ چین اور ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فوری طور 20 کروڑ روپے جاری کر دیے تھے۔