ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: دلبر حسین اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد


لاہور: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر دلبر حسین اور پشاور زلمی کے تمام کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دلبر حسین کو ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر نے پشاور زلمی کے حیدر علی کو آؤٹ کرنے کے بعد ایسے ردعمل کا اظہار کیا جو بیٹسمین کو اشتعال دلا سکتا تھا۔

دوسری جانب سلو اوور ریٹ کے باعث پشاور زلمی پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

پشاور زلمی کیخلاف کاروائی ضابطہ اخلاق برائے کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کی شق 2.22 کے تحت کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر پشاور زلمی کی ٹیم ایونٹ میں دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ کے جرم کی مرتکب پائی جاتی ہے تو پلیئنگ الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور مائیکل گف، تھرڈ امپائر آصف یعقوب اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے دلبر حسین اور پشاور زلمی کی ٹیم پر چارجز لگانے کی درخواست کی تھی۔


متعلقہ خبریں