اسلام آباد: رواں سال کورونا وائرس کی وجہ سےعالمی معشیت کو 315 کھرب 49 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہونے کا امکان ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تجارت و ترقی کے ترجمان مطابق عالمی معیشت کی شرح نمومیں 2 اعشاریہ 5 فیصد کمی کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جن ممالک کی معیشتیں بڑی حد تک اشیا کی پیداوار پر منحصر ہیں انہیں معاشی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ معاشی سست روی سے ان کی مصنوعات کی طلب میں کمی واقع ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے وار سے بچ جانے والے ممالک
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امیر ترین شخص کو ایک دن میں 8 کھرب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں عالمی معیشت زد میں آ ئی ہے وہیں دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت بھی تیزی سے کم ہونے لگی۔
انتہائی مہلک وائرس کی وجہ سے ایموزون ڈاٹ کام کے جیف بیزوس کی دولت 116 ارب ڈالرز سے کم ہو کر 11 ارب ڈالرز ہو گئی۔
کورونا وائرس سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی دولت بھی محفوظ نہ رہ سکی۔ بل گیٹس کی دولت بھی 4 ارب ڈالر کم ہو کر 104 ارب ڈالرز پر آ گئی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہو گئی ہے اور یہ وائرس ایک سو بارہ ممالک میں پھیل چکا ہے۔
مجموعی طور پر ایک لاکھ چودہ ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جب کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ 63 ہزار مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد چار سو تریسٹھ ہوگئی۔ اسپین میں تیس افراد کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اطالوی وزیراعظم نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی اور اٹلی میں عوامی اجتماعات اور سفرپر پابندی لگا دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3660 ہوگئی
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی کی ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی پر مشتمل 11 صوبوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا۔
کورونا وائرس کے باعث ایران میں دو سوسینتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران نے ستر ہزار قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔