اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں ہے بلکہ مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نزلہ یا زکام کورونا وائرس نہیں ہوتا ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات پمز اسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے دورے کے دوران پمز اسپتال میں کورونا وائرس کے حوالے سے قائم آئی سولیشن وارڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے وارڈ میں تعینات عملے سے دی جانے والی سہولتوں کی بابت بھی دریافت کیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے لازمی ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پرسختی سے عمل درآمد کریں۔
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے عوام الناس کو محفوظ رکھنے اور انہیں بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
کورونا وائرس، مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کو صفائی کے بعد کھولنے کا عمل شروع
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسپتال اورعلیحدہ کمرے مختص کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب حفاظتی نقطہ نظر سے کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہم مربوط انداز میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر قومی ایکشن پلان کے تحت کام کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے 289 مشتبہ کیسز کے نمونوں کے ٹیسٹس موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک صرف چھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رنگارنگ باداموں اور چاکلیٹ سے بنا ہوا مزیدار کورونا وائرس
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ایک مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔