ڈھاکہ میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے ایشیا الیون اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا


ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں شیڈول دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے ایشیا الیون اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، جس میں پاکستانی کھلاڑی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں مصروفیت کے باعث پاکستانی کھلاڑی ایشیا الیون کے اسکواڈ میں شامل نہیں ہونگے۔

ڈھاکہ میں شیخ مجیب الرحمن کے 100 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں ایشیا الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچز شیڈول ہیں۔

ڈھاکہ میں 21 مارچ اور 22 مارچ کو دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ایشیا الیون کی ٹیم میں بھارت سے 6 اور بنگلا دیش کے 5 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا وہ لمحہ جب مایا علی جذباتی ہو گئیں

سری لنکا ،افغانستان اور نیپال سے بھی کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہیں، لیکن پاکستان کے کسی کھلاڑی کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے کیوں کہ وہ پاکستان سپر لیگ میں مصروف ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 22 مارچ کو  کھیلا جائے گا۔

ایشیاء الیون ویرات کوہلی، کے ایل راہول، شیکھر، ریشبھ پانٹ، کلدیپ یادیو، محمد شامی، تھیسارا پریرا، لیستھ ملنگا، راشد خان، مجیب الرحمٰن، مستفیض الرحمٰن، تمیم اقبال، مشفیق الرحیم، لٹن داس، سندیپ لمیچھانے اور محموداللہ پر مشتمل ہو گی۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل نے گزشتہ سال 29 اکتوبر 2019 کو بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پر دو سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل کے مطابق سابق بنگلہ دیشی  کپتان نے کرپشن کے تین الزامات میں اعتراف جرم کر لیا تھا۔

مزید پڑھیں: کرکٹ کی بہتری کیلئے پاک بھارت سیریز بہت ضروری ہے، شعیب اختر

آئی سی سی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ  شکیب نے دو ہزار اٹھارہ میں بنگلہ دیش،سری لنکا اور زمبابوے کی ٹرائی سیریز کے دوران ہونے والی آفرز کی اطلاع آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو نہیں دی۔

انٹر نیشنل کرکٹ کاؤنسل کے اعلامیے کے مطابق آئی پی ایل دو ہزار اٹھارہ میں حیدر آباد اور کنگز الیون کے میچ میں بھی شکیب نے میچ فکسنگ کے لیے ہونے والے رابطوں کی اطلاع آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو نہیں دی۔


متعلقہ خبریں