لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر موجودہ حکومت کو پانچ سال پورے کرنے کا موقع دیا گیا تو پھر یہی رہے گی عوام نہیں ہوں گے۔
حکومت کو موقع دینے والے اب نجات کی دُعائیں مانگ رہے ہیں، سینیٹر سراج الحق
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خوشحالی اورتبدیلی تشہیری پروگراموں سے نہیں بلکہ دیانتدار حکمرانوں سے آتی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے ارباب اقتدار کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پناہ گاہیں اور لنگر خانے کھول کر دنیا بھر میں ایٹمی پاکستان کے وقار کو دھبہ لگایا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ خوشخبریاں دینے والے عالمی مالیاتی اداروں نے ہمیشہ کرپٹ حکمرانوں کو سہارا دیا اور پاکستانی عوام کو دھوکہ دیا۔
ایوان بالا کے رکن سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت پیاروں کو نوازنے کے پروگرام بند کرکے آٹے و چینی کے بحرانوں اور بے روزگاری کے خاتمے کی جانب توجہ دے۔
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مہنگائی کے خاتمے اوربے روزگاری پہ قابو پانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پہ ظالمانہ ٹیکسز لگا رہی ہے۔
وزیر اعظم گھبرائیں نہ آٹا، چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کے نام بتا دیں، سراج الحق
سینیٹر سراج الحق نے واضح طور پرکہا کہ جماعت اسلامی پاکستان عوام کو کسی بھی قیمت پر بے حس حکمرانوں کے رحم و کرم پہ نہیں چھوڑے گی۔