پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینئر چیئرمین نیب کی عدم موجودگی پر برہم

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الزامات پر چیئرمین نیب کا نوٹس

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینئر نے چیئرمین نیب کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو ہر حال میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر نورعالم خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں نیب کی جانب سے چیف فنانشل آفیسر شریک ہوئے تاہم چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی عدم شرکت پر نورعالم خان نے برہمی کا اظہار کیا۔

ذیلی کمیٹی کے کنوینئر نور عالم خان نے کہا کہ چیئرمین نیب کو بلایا تھا وہ کیوں نہیں آئے ؟ کیا چیئرمین نیب کو کمیٹی اجلاس میں بلانے کے لیے پولیس بھیجی جائے ؟ اور اگر پولیس چیئرمین نیب سے خوفزدہ ہے تو پھر فوج کو بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ چاہے ہم پر جتنے مرضی مقدمات بنائیں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو کمیٹی میں پیش ہونا ہی پڑے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور کمیٹی کے رکن خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں نیب کی تحقیقات بھگت رہا ہوں اس لیے میں اس کمیٹی میں بیٹھنا نہیں چاہتا تھا لیکن کورم پورا کرنے کے لیے مجھے بیٹھنا پڑ گیا تاہم میری موجودگی نیب کے حوالے سے کارروائی پر اثرانداز نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کا معاملہ، والدین کا حکومت کو الٹی میٹم

خواجہ محمد آصف نےکنوینئر کمیٹی نور عالم خان کو تجویز دی کہ جو نیب حکام آئے ہیں انہیں سن لیں لیکن کنوینئر کمیٹی نے چیئرمین نیب کے بغیر کارروائی آگے بڑھانے سے انکار کر دیا اور ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی ختم کر دی۔

یہ بھی پڑھیں سب ٹھیک ہے تو بھارت ہمیں مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے، برطانوی آل پارٹیز کشمیر گروپ


متعلقہ خبریں