اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے مسئلہ کشمیر ایونٹ نہیں ایک جدوجہد ہے جو بھارتی بربریت اور مظالم کے خاتمے تک برقرار رہے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور یوم یکجہتی کشمیر پردنیا بھر سے اچھا ردعمل آیا ہے۔
انہوں نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو یوم یکجہتی کشمیرکی تقریب سے روکنے کی تصدیق بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت جاری ہے اور کشمیری آج بھی آزاد فضا میں سانس لینے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
کشمیریوں کی سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دفترخارجہ اس سلسلے میں سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاک ترک تعلقات پر بات کرتے ہوئے عائشہ فاروقی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دہری شہریت کے معاملے پربات چیت جاری ہے ترک صدر جلد پاکستان آئیں گے اور اس دورے سے باہمی روابط بڑھیں گے۔
چین میں کورونا وائرس سے متاثر پاکستانیوں کے حوالے سے دفترخارجہ نے بتایا کہ چار افراد جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان کی جان خطرے سے باہر ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ رابطے میں ہے اور وہاں پاکستانیوں کا خیال رکھا جا رہا ہے۔