اتحادیوں سے کیے وعدے پورے کریں گے، وزیراعظم

سرکاری ملازمین کے مسائل: وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی اور ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملاقات کی اور انہیں مسلم لیگ ق کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے شفقت محمود کو کہا کہ کمیٹیوں کا مقصد اتحادیوں سے مسلسل رابطے میں رہنا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہیں، چوہدری شجاعت

اس موقع پر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین والی کمیٹی کی بحالی چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق کو یقین دہانی کروائی ہے تمام تحفظات دور کریں گے، آج کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہے اس میں لائحہ عمل طے کریں گے۔

دوسری جانب اتحادیوں کے معاملات پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان لاہور ہوائی اڈے پر ملاقات ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اتحادی جماعتوں بالخصوص پنجاب میں مسلم لیگ ق کے تحفظات پر بات چیت کی گئی۔

اتفاق کیا گیا کہ اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، بعدازاں دونوں اکٹھے ایک ہی طیارے میں  اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: عمران خان نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیں، چوہدری شجاعت کا مشورہ

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہیں۔

عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے سے قبل چوہدری شجاعت حسین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ عمران خان کو ’ٹیں کا درس‘ دینے والے اتحادیوں سے محبت اور فسادیوں سے دوری کا سبق دیں۔

انہوں نے کہا کہ فسادیوں نے ہر دور میں نفرت اور انتشار کی سیاست کی، اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی بولی بولیں۔

ق لیگ کے صدر کے مطابق عمران خان کے ساتھ اتحاد بغیر کسی لالچ کے اور ملک و قوم کے مفاد میں کیا، اس پر قائم ہیں اور رہیں گے۔


متعلقہ خبریں