کامیاب زندگی گزارنے کیلئے یہ 9 عادتیں اپنائیں


کامیاب لوگ عموماً اپنی روزمرہ زندگی کو ایک قاعدے کے تحت بسر کرتے ہیں۔ ایک وسیع مطالعے کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد اپنے اپنے شعبہ ہائے زندگی میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں وہ ان 9 عادتوں پر عمل کرتے ہیں۔

ترجیحات

ہم روزانہ چھوٹے چھوٹے معاملات میں الجھ جانے کی وجہ سے اہم باتیں نظرانداز کر بیٹھتے ہیں۔ کامیابی کے لیے ترجیحات کا تعین اور ان کے مطابق زندگی بسر کرنا انتہائی ضروری بات ہے۔

کل کی منصوبہ بندی

ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے ایک ایک منٹ کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ تاہم وقت کے ضیاع سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ مستقبل کی فوری سے لے کر طویل المدت منصوبہ بندی کرے اور پوری دلجمعی سے اس پر عمل کیا جائے۔

وقفہ بہت ضروری ہے

اپنے کام میں منہمک رہنا بہت ضروری ہے لیکن درمیان میں آرام کا وقفہ بھی اسی قدر ضروری ہے۔ اپنا کام روک کر ذہن کو کسی اور جانب مصروف کریں، تھوڑی سی چہل قدمی کر لیں، اچھی شاعری پڑھ لیں یا مختصر اور دلچسپ ویڈیوز دیکھ لیں۔ اگر آپ کا کام گھنٹوں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھنے کا متقاضی  ہے تو وقفہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے۔

کام کی جگہ کو صاف ستھرا رکھیں

انسان کام میں منہمک ہو تو اس جگہ پر غیرضروری اشیاء اکٹھی ہونا شروع ہو جاتی ہیں، ایک طرف چائے کا کپ رکھا ہے تو دوسری جانب کاغذوں کا پلندہ پڑا ہے، ساتھ ہی نوٹ پیڈ اور بال پن بھی پڑی ہیں۔۔ یہ سامان اکٹھا ہوتا جاتا ہے اور غیرشعوری سطح پر ہمارے کام کی رفتار کم کرنے لگتاہے۔ جہاں آپ بیٹھے ہیں اس جگہ کو صاف رکھنا ضروری ہے تاکہ دلجمعی سے کام کیا جا سکے۔

نیند مکمل کریں

ترقی کے خواہشمند افراد عموماً زیادہ سے زیادہ وقت جاگنے میں گزارنے کی کوشش کر تے ہیں اور نیند کو مختصر ترین رکھتے ہیں لیکن یہ بہت بڑی غلطی ہے۔ کامیاب افراد اپنی توجہ اس لیے کام کی طرف مرکوز کر پاتے ہیں کہ انہوں نے نیند کے وقفے سے پوری طرح فائدہ اٹھایا ہوتا ہے۔ چھ سے آٹھ گھنٹوں کی نیند اچھا کام کرنے کے لیے ضروری ہے۔

ضرورت سے زیادہ نہ سوچیں

قدرت ہمیں توانائی کا ایک مخصوص ذخیرہ ودیعت کرتی ہے جسے ہم نے سوچ اور عمل کے دونوں پہلوؤں پر خرچ کرنا ہوتا ہے۔

ضرورت سے زیادہ سوچنے سے عمل کے لیے درکار توانائی باقی نہیں رہتی۔ اس لیے ایک خاص حد تک سوچنے کے بعد عمل کی جانب آ جانا چاہیئے۔ فیصلہ کرنے میں بہت دیر کرنا درست رویہ نہیں ہے۔

اپنے اردگرد دائرے تخلیق کریں

ہماری زندگیوں میں ایک حد تک اوروں کا دخل ضروری ہے لیکن ہمیں اپنے اردگرد ایسے دائرے کھینج لینے جاہئیں جنہیں عبور کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہ ہو۔ دوسرے لوگوں کا غیرضروری عمل دخل فیصلے نہیں کرنے دیتا اور کام میں رکاوٹ بنتا ہے۔

بڑا سوچنا

ہماری زندگیوں میں سب سے بڑا خطرہ بڑے مقصد کے حصول میں پیچھے رہ جانا نہیں بلکہ چھوٹے مقصد کو ذہن میں سوچ کر اسے حاصل کر لینا ہے۔

متوازن زندگی بسر کریں

اگر کوئی شخص یہ سوچتا ہے کہ اس کا کام اسے کامیابی دلائے گا اور اس کے لئے وہ کئی گھنٹوں اس کام کو سرانجام دینے میں گزار دیتا ہے۔

مگر اس کے لئے اگر وہ اپنی نیند، صحت اور خوش گوار زندگی قربان کرتا ہے تو یہ گھاٹے کا سودا ہے۔ کیوں کہ زیادہ وقت محنت کرنے سے انسان بیمار پڑ سکتا ہے اور کامیابی حاصل ہو بھی جاتی ہے تو بیماری کے دوران اس کامیابی سے صحیح معنوں میں لطف اندوز نہیں ہوا جا سکتا۔

لہذا ماہرین متوازن زندگی بسر کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ آپ کام کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کا خیال رکھ سکیں اور دیگر روز مرہ کے معاملات کو اچھی طرح سر انجام دیں سکیں۔


متعلقہ خبریں