لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ دنیا بھر میں کوروناوائرس کے 17 ہزار485 کیسز سامنے آئے ہیں۔ دنیا بھر میں کروناوائرس کے باعث400 سےزائد اموات ہوچکی ہیں۔
وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ چین میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے قابل تعریف اٹھائے جا رہے ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان میں کثیر تعداد میں چینی شہری کام کررہے ہیں۔ کورونا وائرس پھیپھڑوں پر حملہ کرتا ہے۔ کسی شخص کی قوت مدافعت کم ہو تو وائرس اس پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے
،یاسمین راشد
انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیےتمام سہولیات موجود ہیں۔ لاہور میں کوونا وائرس کا مشتبہ کیس سروسزاسپتال بھجوایا جائے گا۔ ملتان میں نشتر اسپتال اور فیصل آباد میں الائیڈ اسپتال بھجوایا جائے گا۔
یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق 10 روز میں 6 اجلاس ہوچکے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر بھی اسکریننگ کاعمل شروع ہوچکا ہے۔ پاکستان کے تمام داخلی راستوں پر کرونا کی اسکریننگ جاری ہے۔
صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا کہ شہری ہاتھ دھوئے بغیر منہ کے قریب نہ لے جائیں۔ اگر منہ کو گندے ہاتھ لگائیں گے تو مسئلہ ہوسکتا ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے ڈاکٹروں کی تربیت شروع کردی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں یاسمین راشد نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت پر کوئی سیاست نہیں کی۔ حکومت نے انسانی ہمدردی کے تحت نوازشریف کو باہر جانے دیا۔