مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کو کبھی قبول نہ کیا جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کو کبھی قبول نہ کیا جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر امریکہ کی ثالثی کو کبھی نہ مانا جائے اس کی بھارت کے ساتھ اربوں روپے کی تجارت ہے اور امریکہ ہمیں چین کے خلاف کھڑا کرنا چاہتا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی رائے کے بغیر پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ امریکہ کی ثالثی کبھی مت مانے کیونکہ امریکا کبھی بھی کشمیر کا فیصلہ پاکستان کے حق میں نہیں کرے گا۔ امریکہ کی بھارت کے ساتھ اربوں روپے کی تجارت ہے اور امریکہ ہمیں چین کے خلاف کھڑا کرنا چاہتا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی جمہوری طریقے سے پاکستان کا قیام ممکن بنایا۔ میں بچپن سے سب کے بیانات سنتا ہوا آ رہا ہوں اب بیانات سے کشمیریوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہے تو ہمیں اپنی عیاشیوں کو چھوڑنا پڑے گا لیکن ہم اپنی پرسکون زندگی نہیں چھوڑنا چاہتے۔ کشمیر انڈین یونین کا حصہ نہیں تھا اور محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کانگریس پر کبھی اعتبار مت کرنا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے بھی کہا تھا کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں گے، اکیلے کوئی کچھ نہیں کر سکتا پوری قوم اکٹھی ہو گی تو یہ مسئلہ حل ہو گا۔ گلگت بلتستان واضح طور پر ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور عالمی معاہدے بھی کیے تاہم وزیر اعظم عمران خان اور مودی باہمی فیصلہ نہیں کر سکتے، جب تک کشمیری فیصلہ نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں حکومتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے، فردوس عاشق

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ امریکہ نے فلسطین کا کیا حال کر دیا ہے فلسطینیوں کی زمین ان کے اپنے لیے تنگ ہو گئی اور ہمیں امید ہے وزیر اعظم عمران خان کو بھی پتہ چل گیا ہو گا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کتنا مخلص ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے قربانی دیں، دفاع کو مضبوط اور خود کو جہاد کے لیے تیار کریں۔ ملک کو لنگر خانوں پر نہ لگائیں بلکہ غریب کو روزگار دیں انہیں آرام طلب نہ بنائیں۔


متعلقہ خبریں