لاہور: آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیو کے دو نئے کیس سامنے آگئے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب نے دونوں بچیوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔ دونوں بچیوں کا تعلق تحصیل کوٹچھٹہ کےعلاقہ عالی والا سے ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ عائشہ اور تحسین زاہرہ نامی بچیوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق رواں سال پنجاب میں نئے سامنے آنے والے پولیو کیسسز کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیو وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان متعلقہ آفیسران کے ہمراہ متاثرہ بچیوں کے گھر پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو بچیوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد عالی والا میں فوری طور پر خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔