لندن: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل آن لائن اور صحافی کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صحافی ڈیوڈ روز کی طرف سے مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانوی صحافی اوراخبار کے خلاف عدالت چلا گیا ہوں۔ ڈیلی میل نے میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ہیں برطانوی عدالت میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف من گھڑت خلاف چلا کر میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ من گھڑت خبر عمران خان کی ایما اور ہدایت پر چلائی گئی۔ بےبنیادکہانی میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد بحالی کے منصوبوں میں برطانوی ٹیکس دہند گان کا پیسہ نا جائز طور پر استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد اور سراسر جھوٹ ہے۔ میں ایسے بے بنیاد الزامات کی واضح اور سختی کے ساتھ تردید کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیلی میل کی خبر پاکستان اور برطانیہ کے درینہ تعلقات خراب کرانے اور ڈونرز کی طرف سے پاکستان کو ملنے والی امداد کرانے کی سازش ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ من گھڑت کہانی چھاپی گئی یاچھپوائی گئی۔ میرےخلاف آرٹیکل سیاسی مقاصد کے لیے لکھا گیا۔ بغیرثبوت کےالزام لگانا سیاسی ساکھ خراب کرنےکی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اوران کی حکومت اپوزیشن کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ اگرڈیلی میل کی کہانی میں صداقت ہوتی تونیب اس پرنوٹس لیتی۔ عدالت نے کہا نیب بتائے شہبازشریف نےکہاں کرپشن کی؟
شہبازشریف نے کہا کہ ہم دروغ گوئی میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں۔ عمران خان ڈیلیور نہیں کرسکتے، صرف الزام تراشی میں ماہر ہیں۔ عمران نیب گٹھ جوڑ نہ ہوتا تومیرے خلاف آشیانہ کیس نہ بنتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبروہ اور ان کے خاندان کی سیاسی ساکھ اور کردار کو مسخ کرنے کے لیے گھڑی گئی جس کے پس منظر میں پاکستان کی موجودہ حکمران قیادت کا ہاتھ ہے۔
اخبار ڈیلی میل آن لائن کے مطابق برطانوی شہری آفتاب محمود نے شہباز شریف کے لیے لاکھوں پاونڈز کی مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق برطانیہ نے 2005 کے زلزلہ متاثرین کے لیے پنجاب حکومت کے اکاونٹ میں 50 کروڑ پاونڈز جمع کرائے تھے لیکن شہباز شریف نے اس میں سے لاکھوں پاونڈز کی مبینہ طور پر کرپشن کی۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے 26 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل آن لائن کو قانونی کارروائی کا نوٹس بھیج دیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 14 جولائی 2019 کو ان کے خلاف شائع ہونے والی خبر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات پر مبنی ہے۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد بحالی کے منصوبوں میں برطانوی ٹیکس دہند گان کا پیسہ نا جائز طور پر استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد اور سراسر جھوٹ ہے، شہباز شریف ایسے بے بنیاد الزامات کی واضح اور سختی کے ساتھ تردید کرتے ہیں۔