ڈیوس: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اشتعال انگیزی کر رہے ہیں اور آر ایس ایس مسلمانوں سے نفرت کرتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ڈیوس میں غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں لیکن نتائج کیا ہوں گے میں اس بارے میں کچھ نہیں جانتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت سے متعلق آگاہ کر دیا ہے اب امریکی صدر اوراقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردارادا کریں۔ جتنا دنیا اس کو آسان سمجھ رہی ہے کشمیر اس سے بہت بڑا مسئلہ ہے۔
مسئلہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور بھارتی آرمی چیف کا بیان کہ وہ پاکستانی کشمیر پر بھی قبضہ کریں گے انتہائی غیر مناسب ہے۔ ایسے ماحول میں امن ممکن نہیں ہوسکتا دنیا کو سمجھ لینا چاہیے کہ آر ایس ایس آئیڈیالوجی نازی آئیڈیالوجی سے متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اشتعال انگیزی کر رہے ہیں اور نریندر مودی آر ایس ایس کا لائف ٹائم ممبر ہے۔ بھارت پر ہندو انتہا پسندوں کا قبضہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 5.5 ارب ڈالر قرض لیا
وزیر اعظم نے کہا کہ آر ایس ایس جرمن نازیوں سے متاثر ہے اور آر ایس ایس مسلمانوں سے نفرت کرتی ہے۔ آر ایس ایس نظریے نے ہی گاندھی کا قتل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں 80 لاکھ افراد کا محاصرہ کیا ہوا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نوجوانوں کو اغوا کیا گیا۔