پاکستان کے نمبر ون انٹرٹینمنٹ چینل ’ہم ٹی وی‘ کی کامیابی کے 15 سال مکمل



دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرتے ہوئے ڈرامہ انڈسٹری کو نئی بلندیوں پر پہنچانے والے نمبر ون انٹرٹینمنٹ چینل ’ہم ٹی وی‘ نے کامیابی کے 15 سال مکمل کر لیے۔

2005 میں ’ہم ٹی وی‘ نے اس عزم کے ساتھ آغاز لیا کہ ناظرین کو ناصرف اعلیٰ معیار کی تفریح فراہم کرے گا بلکہ سبق آموز کہانیاں بھی ایسے پراثر انداز میں دکھائے گا کہ عوام ان کے ذریعے آسانی سے صحیح اور غلط کے فرق کو پہچان سکیں۔

کامیابی کے اس سفر میں ’ہم ٹی وی‘ نے اپنے ناظرین کو کون کون سے ایسے ڈرامے دیے جنہوں نے ان کے ذہن پر انمٹ نقوش چھوڑے آئیے ان پر نظر ڈالتے ہیں۔

داستان (2010)

معروف ڈرامہ نگار رضیہ بٹ کے ناول سے ماخوذ ڈرامہ سیریل داستان دراصل تقسیم ہند سے متاثرہ خاندان کی داستان ہے جس کی ہدایات حسام حسین نے دیں۔

ڈرامہ میں انتہائی دلگداز انداز سے دکھایا گیا ہے کہ تقسیم ہند کی وجہ سے ایک دوجے سے علیحدہ ہو جانے والے رومانوی جوڑی کی زندگی کس کرب سے گزری اور کیسے یہ جوڑی اذت بھری زندگی گزارنے پر مجبور ہوئی۔

داستان 2010 کا بلاک بسٹر ثابت ہوا جس نے اداکار فواد خان اور صنم بلوچ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

مات (2011-2012)

2011 میں ریلیز ہونے والے ڈرامہ سیریل کے مرکزی کردار عدنان صدیقی، صبا قمر اور آمنہ شیخ تھے۔ معروف ناول نگار عمرہ احمد کے قلم کی تخلیق اس ڈرامے نے اپنے وقت میں ریکارڈ مقبولیت حاصل کی۔

’مات‘ کی کہانی پیسوں کی لالچ اور رشتوں کے لیے دی گئی قربانیوں اور محبت پر مبنی تھی جس میں آمنہ شیخ نے ایک معصوم اور وفا شعار لڑکی کا کردار ادا کیا جب کہ صبا قمر کا کردار ہر حال میں زیادہ سے زیادہ دولت حاصل کرنے کی جستجو کرنے والی لڑکی کا تھا۔

ہمسفر (2011- 2012)

ہمسفر کا شمار ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ کے کامیاب ترین رومانوی ڈراموں میں ہوتا ہے۔ اشعر اور خرد کے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر کے فواد خان اور ماہرہ خان نے اس کہانی کو امر کر دیا۔

سرمد سلطان کھوسٹ کی ہدایتکاری میں بننے والے اس ڈرامے کو آج بھی اتنی ہی مقبولیت حاصل ہے جتنی نو سال پہلے تھی۔

زندگی گلزار ہے (2012-2013)

8 سال پہلے ہم ٹی وی کی اسکرین کا حصہ بننے والے ڈرامہ سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ کی کہانی ایک ایسی لڑکی کی زندگی کی جدوجہد پر مبنی تھی جس نے بنا کسی سہارے کے محنت کرکے معاشرے میں اپنا مقام بنایا اور اپنے جیون ساتھی کی اور اپنی زندگی گلزار بنائی۔

بطور کشف صنم سعید اور زارون کے کردار میں فواد خان کی اداکاری دیکھنے والوں کے دلوں میں نقش ہو گئی۔

اس ڈرامہ نے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔

رانجھا رانجھا کر دی (2018-2019)

محبت اور قربانی کے جذبوں سے بھرپور اس غیر روایتی رومانوی کہانی نے شائقین کے دلوں میں کچھ اس طرح سے گھر کیا کہ وہ بنا مسکراہٹ اس ڈرامے کا ذکر نہیں کر سکتے۔

فائزہ افتخار تحریر کردہ اس کہانی کی ہدایات کے فرائض کاشف نثار نے سرانجام دیے کر یہ شاہکار تخلیق کیا۔ ذہنی طور پر نابالغ ’بھولے‘ کے ساتھ ’نوری‘ کی اس پریم کہانی کو شائقین مدتوں یاد رکھیں گے۔

عہد وفا (2019-2020)

محبت کی تکون، ساس بہو کے جھگڑوں اور دھوکے باز جیون ساتھی کے کہانیوں سے ہٹ کر وطن کی محبت پر مبنی یہ ڈرامہ ہر سطح پر پذیرائی کے ریکارڈ توڑ رہا ہے۔

ایک لمبے عرصے کے بعد نوجوانوں کی زندگیوں پر بنایا گیا یہ ڈرامہ ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہورہا ہے۔

اس ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2019 میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

حیرت انگیز طور پر پاکستان سے محبت کی کہانی پر بنایا گیا یہ ڈرامہ بھارت میں بھی مقبولئت حاصل کر رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں