احسن اقبال کی گرفتاری حکومت پر تنقید کے سبب ہوئی، مریم اورنگزیب

عمران خان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیئے, ترجمان ن لیگ



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر یہ گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کا منصوبہ پیپلز پارٹی کے دور میں منظور ہوا اور اس کی انکوائری ختم ہو چکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک کی خدمت کی انہیں جیلوں میں ڈلا جا رہا ہے، احسن اقبال کی گرفتاری سے گھبرائیں گے نہیں، جھوٹے کو جھوٹا کہیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم چوروں کو چور کہتے رہیں گے، تم نے جو کرنا ہے کرو، یہ نواز شریف کی جماعت ہے، یہ نا ڈرنے والی ہے اور نا جھکنے والی۔

ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیئے جو  فارن فنڈنگ میں ملوث ہے، ایک سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کے خلاف سازش کر رہا ہے، سی پیک بند ہو گیا اور ملک میں ترقی رک چکی ہے۔

احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کا شمار پاکستان کے ایماندار سیاستدانوں میں ہوتا ہے، پی ٹی آئی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

احمد اقبال نے کہا کہ  احسن اقبال کی آواز کو دبانے کیلئے حکومت نے یہ قدم اٹھایا اور ان پر بے بنیاد جھوٹا کرپشن کا کیس بنایا گیا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔

نیب نے احسن اقبال کو  نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ گھپلوں پر سوال و جواب کیلئے طلب کیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کے حکم پر احسن اقبال کو گرفتار کیا گیا۔

احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے خلاف قانون تین ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا۔


متعلقہ خبریں