لندن: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) قومی منصوبے کو تباہ کرنے پر حکومت کے خلاف کارروائی کرے ہم نے تو منصوبے بنائے بھی اور مکمل بھی کیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم میڈیا ٹرائل اور کردار کشی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ شہنشاہ عمران نیازی کی فسطائی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ہم بھاگنے والے نہیں مقابلہ کریں گے اور میں واپس آرہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسپورٹس سٹی نارووال ملک میں کھیلوں کے فروغ کا قومی منصوبہ ہے اور قومی منصوبوں کو متنازعہ بنا کر ملک کا نقصان کیا جا رہا ہے جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سوالات کا مفصل جواب دیا جا چکا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مجھ پر بدعنوانی کا الزام نہیں بلکہ یہ اعتراض ہے کہ نارووال میں یہ منصوبہ کیوں بنا ؟ نارووال ہندوستان میں نہیں بلکہ پاکستان میں ہی واقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تاریخی منصوبے کو برباد کر دیا گیا ہے اور حکومت نے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے 40 کروڑ کی بقیہ گرانٹ روک دی لیکن اب اسپورٹس سٹی کو مکمل کرنے کے لیے کئی گنا زیادہ رقم خرچ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں بنیادی حقوق پر سمجھوتہ کریں گے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا، بلاول بھٹو
لیگی رہنما نے کہا کہ جس کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کھیل کر گئی اب وہ جنگل بن چکا ہے اور کروڑوں روپے کی درآمد شدہ ہاکی آسٹروٹرف اور ایتھلیٹک ٹریک ضائع ہی ہو گئے انہیں نصب نہیں کیا گیا۔ نیب کو اس قومی منصوبے کو تباہ کرنے پر حکومت کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔